سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سعودی حکومت ترک ساختہ طیاروں کی خریداری پر غور کر رہی ہے۔ ترکیہ کے جدید دفاعی اور ایوی ایشن انڈسٹری کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے سعودی عرب نے ممکنہ طور پر 100 طیارے خریدنے کا عندیہ دیا ہے۔
یہ مذاکرات سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے درمیان قریبی تعلقات کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ ترک حکام کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ معاہدہ ترکیہ کی دفاعی صنعت کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہو گا اور اسے عالمی سطح پر مزید مستحکم کرے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے ترکیہ کی معیشت اور دفاعی شعبے کو فائدہ پہنچے گا اور دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو ایک نئی جہت ملے گی۔ سعودی عرب کے اس فیصلے کو مشرق وسطیٰ میں ترکیہ کے اثر و رسوخ کے بڑھتے ہوئے کردار کا ایک اور مظہر سمجھا جا رہا ہے۔
دونوں ممالک اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے تکنیکی اور مالی امور پر بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس ممکنہ معاہدے سے نہ صرف دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں وسعت آئے گی بلکہ خطے میں دفاعی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔
سعودی عرب کے 100 ترک ساختہ طیارے خریدنے پر غور، دفاعی مذاکرات جاری
71