آسٹریلوی سینیٹ نے ایک بل منظور کیا ہے جس کے مطابق 16 سال سے کم عمر کے بچوں اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے سے روک دیا جائے گا۔ یہ قانون اگلے سال کے آخر سے نافذ ہوگا اور اس کا مقصد بچوں کی ذہنی صحت اور تندرستی کے تحفظ کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو محدود کرنا ہے۔
اگر سوشل میڈیا کمپنیاں 16 سال سے کم عمر کے بچوں کو اپنے پلیٹ فارمز سے دور رکھنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کر پاتیں، تو انہیں 50 لاکھ ڈالر تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔ تاہم، اس قانون کے تحت نوعمروں یا ان کے والدین کے خلاف کوئی سزا نہیں دی جائے گی۔اس قانون کا اطلاق میسجنگ ایپس، آن لائن گیمنگ سروسز اور دیگر صارفین کی صحت اور تعلیم کی حمایت کرنے والی سروسز پر نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں، یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز جن پر صارفین کو سائن ان کرنے کی ضرورت نہیں، اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔