ترک قومی خفیہ ایجنسی نے ایک کامیاب آپریشن کے ذریعے گرے کیٹگری میں مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل، ماؤسٹ کمیونسٹ پارٹی (ایم کے پی) کے رکن اور علیحدگی پسند تنظیم پی کے کے سے وابستہ قادر چیلک کو گرفتار کر لیا۔ یہ آپریشن مشرق وسطیٰ کے ایک ملک میں کیا گیا، جہاں دہشت گرد چیلک ترکیہ کے خلاف تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔ گرفتار دہشت گرد کو ترکیہ منتقل کر کے سیکیورٹی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
تحقیقات کے مطابق، چیلک 2011 سے 2016 کے دوران استنبول میں ایم کے پی کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا، جہاں اس نے پیٹرول بم حملوں جیسے جرائم میں حصہ لیا۔ 2016 میں ترکیہ سے فرار ہو کر شمالی عراق پہنچنے کے بعد، اس نے ایم کے پی اور پی کے کے کے درمیان تعاون کے تحت قتل کی تربیت حاصل کی۔چیلک 2018 سے شمالی شام میں پی کے کے کے ساتھ مسلح سرگرمیوں میں مصروف تھا، اور اس کی گرفتاری کو ترکیہ کی انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔