ظہران ممدانی کا ڈیموکریٹس سے انتخابی فتح عوامی مسائل حل کرنے کا مطالبہ
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے ڈیموکریٹک پارٹی پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی کامیابی کو عوامی مشکلات کم کرنے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں تبدیل کرے، کیونکہ اب سیاسی وعدوں کو عملی شکل دینے کا وقت آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی عوام نے ایسے سیاست دانوں کو مسترد کر دیا ہے جو ٹیکس دہندگان کی رقم جنگوں اور نسل کشی جیسے معاملات پر خرچ کرنے کے حامی ہیں۔ ڈیموکریٹس کو اب عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ظہران ممدانی کے مطابق ایران جنگ، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں نے ڈیموکریٹس کی انتخابی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، تاہم محض اقتدار حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ اسے عام شہریوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کرنا ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں شہری مہنگائی، مکانوں کے بڑھتے ہوئے کرایوں اور بچوں کی دیکھ بھال پر آنے والے بھاری اخراجات کے باعث شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔نیویارک کے میئر نے مزید کہا کہ جے ڈی وینس کی جانب سے عوام کو مزید 2 سال انتظار کرنے کا مشورہ قابل قبول نہیں، کیونکہ شہری فوری ریلیف اور اپنے مسائل کا عملی حل چاہتے ہیں۔