شمالی قبرص کا یورپی یونین کی رپورٹ مسترد، ترک قبرصی مؤقف کی حمایت

شمالی قبرص کا یورپی یونین کی رپورٹ مسترد، ترک قبرصی مؤقف کی حمایت

استنبول (تر کیہ خبر) شمالی قبرصی ترک جمہوریہ نے ترکیہ سے متعلق یورپی کمیشن کی 2026 کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے ترک قبرصی عوام کے بارے میں عائد کردہ الزامات کو جانبدارانہ، حقائق کے منافی اور غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔شمالی قبرص کی وزارت خارجہ نے تحریری بیان میں رپورٹ پر ترکیہ کے اعتراضات کی حمایت کرتے ہوئے یورپی یونین پر الزام لگایا کہ وہ جزیرے کی زمینی حقیقتوں کو نظرانداز کر رہی ہے اور یونانی قبرصی انتظامیہ اور یونان کے مؤقف کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے۔وزارت خارجہ نے یورپی یونین کے 2004 میں یونانی قبرصی انتظامیہ کو رکنیت دینے کے فیصلے پر بھی تنقید کی اور مؤقف اختیار کیا کہ یہ اقدام خود یورپی اتحاد کے طے شدہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی تھا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یورپی یونین نے ترک قبرصی عوام پر مختلف پابندیاں عائد کرکے انہیں عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی، جبکہ مسئلہ قبرص کے حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔شمالی قبرص نے رپورٹ میں خودمختاری کی برابری اور مساوی عالمی حیثیت کی بنیاد پر دو ریاستی حل کے ترک قبرصی تصور کو نظرانداز کیے جانے پر بھی اعتراض اٹھایا۔وزارت خارجہ نے ترک قبرصی عوام کی جانب سے دوسرے ممالک کے ساتھ براہِ راست سفارتی روابط قائم کرنے کی کوششوں کو عالمی سطح پر قانونی حیثیت حاصل کرنے کی جستجو قرار دینے کو بھی مسترد کردیا۔بیان کے مطابق یہ کوششیں جائز ہیں اور امتیازی سلوک کے خاتمے اور انسانی حقوق کے احترام کے بنیادی اصولوں سے مکمل مطابقت رکھتی ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.