یورپ میں بم دھماکوں کی جھوٹی اطلاعات، 30 پروازیں متاثر، فضائی نظام مفلوج

یورپ میں بم دھماکوں کی جھوٹی اطلاعات، 30 پروازیں متاثر، فضائی نظام مفلوج

برسلز (مانیٹرنگ ڈیسک) یورپ کے متعدد ممالک میں مسافر طیاروں کو بم نصب ہونے کی جعلی اطلاعات موصول ہونے سے فضائی آمدورفت کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا، جس کے باعث کئی پروازوں کا رخ تبدیل کرنا پڑا جبکہ بعض طیاروں کو لڑاکا جہازوں کی نگرانی میں محفوظ مقامات پر اتارا گیا۔اطلاعات کے مطابق ایک ہی روز میں 30 مسافر پروازوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔ ان واقعات میں پراگ، پیرس، روم، برسلز، میلان اور صوفیا جانے والے طیارے متاثر ہوئے۔فرانس میں ڈبلن سے روم جانے والی ایئر لنگس کی پرواز کو لڑاکا طیاروں نے حفاظتی حصار میں لے کر ایک فوجی ہوائی اڈے پر اتار دیا۔ بلغاریہ میں بھی 3 مسافر طیاروں کو جنگی جہازوں کی مدد سے بحفاظت زمین پر اتارا گیا۔پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں پیرس جانے والی ایل او ٹی کی پرواز کو روانگی سے قبل روک دیا گیا، جبکہ اسپین میں بھی متعدد مسافر طیاروں کی تلاشی لی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ ان دھمکیوں کے پیچھے تاحال کسی ملک یا تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ دوسری جانب ماہرین ان واقعات کو ممکنہ طور پر منظم ہائبرڈ حملوں کی ایک کڑی قرار دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ یورپی ممالک ماضی میں روس پر تخریبی سرگرمیوں اور ہائبرڈ حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات لگاتے رہے ہیں، تاہم روسی حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی آئی ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.