پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم شہر منایا جا رہا ہے
کراچی ( تر کیہ خبر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم شہر منایا جا رہا ہے، جس کا موضوع ’’شہروں کی ازسرنو تشکیل، سب کے لیے مناسب رہائش‘‘ ہے۔ اس موقع پر کراچی میں بھی شہریوں کو سستی اور معیاری رہائش کی فراہمی ایک بڑا سوال بن کر سامنے آئی ہے۔روشنیوں کا شہر کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے جہاں روزگار اور بہتر مستقبل کی تلاش میں ملک بھر سے لوگ آتے ہیں، تاہم شہر کو رہائش اور بنیادی سہولتوں سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں 3.4 ارب افراد مناسب رہائش سے محروم ہیں۔ کراچی میں ایک جانب بلند و بالا عمارتیں اور ڈیفنس و کلفٹن جیسے پوش علاقے ہیں، تو دوسری جانب اورنگی، مچھر کالونی، لیاری اور ملیر کی کچی آبادیاں بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے شہر بسانے کے بجائے موجودہ شہروں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق کراچی کی 60 فیصد سے زائد غیر رسمی آبادیوں کو مناسب رہائش، ملکیتی حقوق اور بنیادی سہولتیں فراہم کرکے شہر کو سب کے لیے قابلِ رہائش بنایا جاسکتا ہے۔میئر کراچی کا کہنا ہے کہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور دستیاب وسائل میں ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق شہر عمارتوں سے نہیں بلکہ لوگوں سے بنتے ہیں۔یوم شہر کا پیغام ہے کہ ایک اچھا شہر وہی ہے جہاں امیر ہو یا مزدور، ہر شہری کو مناسب اور محفوظ رہائش میسر ہو۔