پاکستان میں غربت 29 فیصد تک پہنچ گئی، معاشی ناہمواری میں بھی اضافہ
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح 2025 میں بڑھ کر 29 فیصد ہوگئی، جبکہ امیر اور غریب کے درمیان معاشی فرق بھی بڑھ گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019 میں قومی سطح پر غربت کی شرح 22 فیصد تھی، جس میں 2025 تک 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ عالمی بینک نے غربت میں اضافے کی وجوہات میں مہنگائی، اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں، وسائل کی غیر مساوی تقسیم اور مزدوروں کی کم ہوتی آمدن کو شامل کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ان عوامل کا سب سے زیادہ بوجھ کم آمدنی والے گھرانوں پر پڑا۔ پاکستان میں 2024 کے دوران 7 کروڑ 26 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے تھے۔عالمی بینک نے معاشی عدم مساوات میں اضافے کی بھی نشاندہی کی۔ رپورٹ کے مطابق عدم مساوات جانچنے کے انڈیکس میں پاکستان کا اسکور 2018 میں 28.4 تھا، جو 2025 میں بڑھ کر 32.7 ہوگیا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں روزانہ 3 ڈالر سے کم آمدن والے افراد کی شرح 23 فیصد ہے، جن کی مجموعی تعداد 5 کروڑ 76 لاکھ سے زائد بنتی ہے۔