پاکستان میں 3 کروڑ 24 لاکھ افراد ذہنی امراض، ایک کروڑ 29 لاکھ ہیپاٹائٹس کا شکار
اسلام آباد (تر کیہ خبر) وزارت قومی صحت نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں 3 کروڑ 24 لاکھ افراد ذہنی امراض، ایک کروڑ 29 لاکھ ہیپاٹائٹس بی اور سی جبکہ 4 لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد ایچ آئی وی کے مرض میں مبتلا ہیں۔ ان میں 3 ہزار 900 بچے بھی شامل ہیں۔وزارت قومی صحت نے ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی اور ذہنی امراض سے متعلق اعداد و شمار قومی اسمبلی میں پیش کردیے۔ رپورٹ کے مطابق ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی تعداد 2019 میں 3 کروڑ تھی، جو 2023 میں بڑھ کر 3 کروڑ 24 لاکھ ہوگئی۔ 5 برس کے دوران مریضوں کی تعداد میں 24 لاکھ اضافہ ہوا، جبکہ اسلام آباد میں ایسے افراد کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔دستاویز کے مطابق پاکستان میں صرف 1 ہزار 50 ماہر نفسیات رجسٹرڈ ہیں، یعنی 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد شہریوں کے لیے ایک ماہر نفسیات دستیاب ہے۔ پنجاب میں 406، سندھ میں 228، خیبرپختونخوا میں 122 اور بلوچستان میں 44 ماہر نفسیات رجسٹرڈ ہیں۔ہیپاٹائٹس کے مریضوں میں پاکستان عالمی سطح پر سرفہرسترپورٹ کے مطابق پاکستان ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہے اور اس مرض سے اموات کے حوالے سے بھی دنیا کے 10 سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد 90 لاکھ جبکہ ہیپاٹائٹس بی کے مریضوں کی تعداد 38 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہے۔ مجموعی طور پر ایک کروڑ 29 لاکھ افراد دونوں میں سے کسی ایک مرض کا شکار ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں ہر سال ہیپاٹائٹس کے باعث 48 ہزار افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، جبکہ 2024 میں ہیپاٹائٹس سی کے 88 ہزار سے زائد نئے انفیکشنز سامنے آئے۔ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافہوزارت صحت کے مطابق پاکستان میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، جن میں سے 92 ہزار 148 رجسٹرڈ ہیں جبکہ 67 ہزار 878 افراد اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی حاصل کر رہے ہیں۔دستاویز کے مطابق 2010 کے مقابلے میں 2024 کے دوران ایچ آئی وی کے سالانہ کیسز 16 ہزار سے بڑھ کر 48 ہزار ہوگئے۔ 2020 سے 2025 کے دوران اسکریننگ کی تعداد بھی 37 ہزار 944 سے بڑھ کر 3 لاکھ 74 ہزار تک پہنچ گئی۔ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں میں سندھ سرفہرسترپورٹ کے مطابق جنوری 2025 سے جون 2026 کے دوران ایچ آئی وی سے متاثرہ 3 ہزار 900 بچے رجسٹرڈ کیے گئے۔ ان میں سندھ کے 1 ہزار 915 اور پنجاب کے 1 ہزار 765 بچے شامل ہیں۔خیبرپختونخوا میں 139، بلوچستان میں 46، اسلام آباد میں 30، آزاد کشمیر میں 4 اور گلگت بلتستان میں ایک بچہ ایچ آئی وی سے متاثر پایا گیا۔