واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے خبردار کیا ہے کہ ایران سے تیل خریدنے والے ممالک کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ چین ممکنہ طور پر ایرانی تیل کی خریداری محدود یا معطل کر سکتا ہے۔امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ممالک کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اگر وہ ایران سے تیل خریدتے ہیں یا ان کے بینکاری نظام میں ایرانی رقوم موجود ہیں تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہو سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایران کے خلاف سمندری ناکہ بندی کا آغاز کیا جا چکا ہے اور جاری کشیدگی ساتویں ہفتے میں داخل ہو گئی ہے، ماضی میں چین ایرانی تیل کا بڑا خریدار رہا ہے تاہم حالیہ اقدامات کے باعث خریداری میں عارضی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔امریکی محکمہ خزانہ نے چین کے دو بینکوں کو بھی متنبہ کیا ہے کہ اگر ان کے ذریعے ایرانی رقوم کی ترسیل ثابت ہوئی تو انہیں بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔