واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ذریعے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت ہو رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان جلد معاہدہ متوقع ہے۔طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ رابطے جاری ہیں اور امید ہے کہ جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے کئی پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی ہے اور اس راستے سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد بڑھ کر بیس ہو گئی ہے۔ایک غیر ملکی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران میں ہزاروں اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے جبکہ کچھ اہداف ابھی باقی ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ ایران کے تیل پر قبضہ بھی ایک ممکنہ آپشن ہے اور اہم برآمدی مرکز خارگ جزیرے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی عملی طور پر ہو چکی ہے اور موجودہ صورتحال میں ایک نیا نظام سامنے آ رہا ہے، جس کے ساتھ امریکا مختلف انداز میں معاملات طے کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئی قیادت پہلے کے مقابلے میں زیادہ قابلِ فہم ہے۔امریکی صدر نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران کے تیل پر قبضہ ان کا پسندیدہ آپشن ہے، تاہم اس پر اندرونِ ملک مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔
امریکا کا ایران کے ساتھ معاہدہ قریب، تیل پر قبضے کا عندیہ
6 دن قبل