ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے جاری، ایران نے 19 ویں میزائل لہر کا آغاز کر دیا

1 ماہ قبل
ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے جاری، ایران نے 19 ویں میزائل لہر کا آغاز کر دیا

تہران، واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینیٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر حملے سے روکنے میں ناکام رہا، جبکہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر سیکڑوں میزائل فائر کیے۔ ایران نے جواب میں اسرائیل پر حملوں کی 19 ویں لہر کا آغاز کر دیا۔ سعودی عرب نے بھی الخرج سٹی کے قریب 3 کروز میزائل مار گرا دیے۔ایرانی ہلال احمر کے مطابق امریکی و اسرائیلی افواج کی جانب سے ایران میں اب تک 1332 حملے کیے گئے، جن میں 636 مختلف مقامات، 105 شہری تنصیبات، 14 طبی مراکز اور 7 ہلال احمر کی عمارتیں نشانہ بنیں، جبکہ 174 شہروں پر بمباری کی گئی۔ حملوں میں ایران میں 1045 افراد جاں بحق ہوئے۔لبنان پر اسرائیلی حملوں میں حماس رہنما وسیم العلی اہلیہ سمیت شہید ہوئے، مجموعی شہادتوں کی تعداد 75 تک پہنچ گئی۔ ایران نے پاسداران انقلاب کے ذریعے علیحدگی پسندوں کے ٹھکانوں پر بھی حملے کیے۔ عراق کے کردستان کے صدر نے ایران کے خلاف جنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نے ایرانی بحری جہاز IRIS Dena پر حملہ کر کے سنگین جرم کیا، جہاز بھارتی بحریہ کا مہمان تھا اور اس پر 130 اہلکار موجود تھے۔ ایران نے ترکی پر میزائل حملے کی تردید کی ہے۔چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اعلان کیا کہ چین مشرق وسطیٰ میں ثالثی کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی بھیجے گا اور شہریوں و توانائی کے اہداف کی حفاظت پر زور دیا۔روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ ایران میں جنگ کے باعث توانائی کی قیمتیں بڑھنے پر روس یورپ کو گیس کی سپلائی روکنے پر غور کر سکتا ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی دی، جبکہ امریکی بحریہ نے وہاں تجارتی جہازوں کو تحفظ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔حزب اللہ نے تل ابیب کے جنوب میں اسرائیلی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ اب بس کھلی جنگ ہے، امن کی پہلی شرط اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ اور لبنان سے انخلا ہے۔