پنجاب میں نظامِ استغاثہ کی بہتری، اقوام متحدہ کے وفد کی اہم ملاقات

پنجاب میں نظامِ استغاثہ کی بہتری، اقوام متحدہ کے وفد کی اہم ملاقات

لاہور( تر کیہ خبر) پنجاب میں نظامِ استغاثہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے ادارۂ انسدادِ منشیات و جرائم کے وفد نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ سے نظامِ استغاثہ کی کارکردگی بہتر بنانے، ادارہ جاتی اصلاحات اور عالمی معیار کے مطابق قانونی کارروائیوں کو مؤثر بنانے کے امور زیرِ بحث آئے۔وفد میں ارجنٹینا، چین اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے قانونی ماہرین شامل تھے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل قانونی معاونت و انصاف اتھارٹی نے بھی شرکت کی۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ صوبے میں نظامِ استغاثہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی میں مدد ملے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر انتظامیہ محمد ارشد علی فاروقی نے وفد کو پنجاب میں نظامِ استغاثہ کی کارکردگی، انتظامی امور اور جاری اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل رقیہ عنبرین سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.