مذاکرات ناکام ہوئے تو مکہ اتحاد کا مشترکہ دفاعی نظام متحرک ہوگا: ترجمان پاک فوج

مذاکرات ناکام ہوئے تو مکہ اتحاد کا مشترکہ دفاعی نظام متحرک ہوگا: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی( تر کیہ خبر) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کا حل مذاکرات سے نکالنا ناگزیر ہے، بصورتِ دیگر فوجی تصادم کی صورت میں مکہ اتحاد کی مشترکہ دفاعی صلاحیت بروئے کار آسکتی ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر مختصر مدت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جو تینوں ممالک کی مشترکہ سوچ کا عکاس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ مقدس مقامات کی حفاظت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور اس حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مقدس مقامات پر حملوں کے باعث عوام، سیاسی قیادت اور عسکری قیادت میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ تنازع کو مزید وسعت دینا کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں، اس لیے مذاکرات کے ذریعے قابلِ قبول حل تلاش کرنا ضروری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ مکہ اتحاد کا کوئی جارحانہ مقصد نہیں بلکہ اس کا ہدف خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ خطے کی خوشحالی اور پائیدار امن کے خواہاں ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلمانوں کو باہمی لڑائیوں کے بجائے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا چاہیے تاکہ خطے کو مزید کشیدگی سے بچایا جا سکے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.