یونیسکو عالمی ورثہ کمیٹی کا اجلاس جنوبی کوریا میں شروع
باکو( کلچرڈیسک) یونیسکو کی عالمی ورثہ کمیٹی کا سالانہ اجلاس پہلی بار جنوبی کوریا میں شروع ہوگیا، جس کی افتتاحی تقریب میں صدر لی جائے میونگ سمیت دنیا بھر سے ہزاروں مندوبین نے شرکت کی۔جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بندرگاہی شہر بوسان میں ہونے والے 10 روزہ اجلاس میں 196 رکن ممالک، عالمی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 3 ہزار نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔یہ اجلاس سیئول سے تقریباً 330 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع بوسان نمائش و کنونشن مرکز میں منعقد کیا جا رہا ہے۔جنوبی کوریا کے لیے یہ پہلا موقع ہے کہ وہ 1988 میں یونیسکو عالمی ورثہ کنونشن میں شامل ہونے کے بعد اس اہم اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔افتتاحی تقریب میں یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل خالد العنانی، ثقافت کے معاون ڈائریکٹر جنرل نایف الفائز اور عالمی ورثہ مرکز کے ڈائریکٹر لازار ایلوندو اسومو سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔