بھارت میں فوجی مشق کے دوران ٹینک دو اہلکاروں پر چڑھ گیا، دونوں ہلاک

بھارت میں فوجی مشق کے دوران ٹینک دو اہلکاروں پر چڑھ گیا، دونوں ہلاک

ہسار ( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی ریاست ہریانہ کے ضلع ہسار میں معمول کی فوجی مشق کے دوران ایک ٹینک حادثاتی طور پر دو بھارتی فوجیوں پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ ضلع ہسار کے گاؤں بھوجراج کے قریب اس وقت پیش آیا جب تقریباً 32 ٹینک معمول کی جنگی مشق میں مصروف تھے اور بعض فوجی اہلکار زمین پر مختلف مورچوں میں تعینات تھے۔ہسار پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹینکوں کی قطار میں نقل و حرکت کے باعث گرد و غبار کا شدید طوفان اٹھا، جس سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہوگئی۔ترجمان نے بتایا کہ کم حدِ نگاہ کے باعث ایک ٹینک کا ڈرائیور زمین پر اپنی پوزیشن میں موجود دو فوجیوں کو نہ دیکھ سکا اور ٹینک ان کے اوپر سے گزر گیا۔حادثے میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت اتر پردیش کے ضلع شاملی سے تعلق رکھنے والے نائیک منیش کمار اور ضلع بدایوں کے رہائشی نائیک انکش کمار کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق دونوں فوجیوں کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر ہسار کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔واقعے کی اطلاع اعلیٰ فوجی افسران کو دے دی گئی ہے، جبکہ دونوں اہلکاروں کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔فوجی اور پولیس حکام حادثے کے اسباب اور حالات کا تعین کرنے کے لیے مزید قانونی اور محکمانہ کارروائی کر رہے ہیں۔

© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.