ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور انٹیلی جنس سربراہ کی لیبیا کے وزیراعظم سے ملاقات
استنبول (ترکیہ خبر) ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور قومی انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ ابراہیم قالن نے ہفتے کے روز استنبول میں لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ سے ملاقات کی۔ترک وزارت خارجہ نے سماجی رابطوں کے ترک پلیٹ فارم این سوشل پر ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی تصویر بھی جاری کی، تاہم مذاکرات کی مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔دوسری جانب ترک نشریاتی ادارے ٹی جی آر ٹی خبر سے گفتگو کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ آئندہ ماہ لیبیا میں منعقد ہونے والا افریقی یونین اور ترکیے کا سربراہی اجلاس خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر صدر رجب طیب اردوان بھی کئی سال بعد پہلی مرتبہ شمالی افریقی ملک لیبیا کا دورہ کریں گے۔ترک وزیر خارجہ نے بتایا کہ صدر اردوان نے حال ہی میں ترکیے کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے دوران لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ کا استقبال کیا تھا، جبکہ ہفتے کے روز ان کی خود بھی لیبیائی رہنما سے گفتگو ہوئی۔حاقان فیدان کا کہنا تھا کہ انطالیہ میں ہونے والی ملاقاتیں انتہائی نتیجہ خیز رہیں اور اس موقع پر بھی یہ محسوس ہوا کہ لیبیا کے وزیراعظم ترک صدر کے دورے کے شدت سے منتظر ہیں۔