صدر آذربائیجان الہام علییف سے امریکی وزیر داخلہ مارک وین مولن کی ملاقات
باکو (ترکیہ خبر) صدر آذربائیجان الہام علییف نے 22 نومبر کو امریکا کے وزیر داخلہ مارک وین مولن سے ملاقات کی۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر الہام علییف نے رواں سال جنوری میں امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے مسلح افواج کے رکن اور ریاست اوکلاہوما سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن سینیٹر کی حیثیت سے مارک وین مولن کے آذربائیجان کے دورے اور ان سے ہونے والی ملاقات کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔ صدر نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔صدر الہام علییف نے کہا کہ 2026ء آذربائیجان اور امریکا کے تعلقات کے حوالے سے تاریخی اہمیت کا حامل سال ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے آذربائیجان کے دورے اور اس موقع پر دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے منشور پر دستخط کو دوطرفہ تعلقات کی توسیع میں اہم پیش رفت قرار دیا۔آذربائیجان کے صدر نے دوطرفہ تعلقات کو اعلیٰ ترین سطح تک پہنچانے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک بھی امریکا کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔