ابوظہبی پولیس کا آن لائن بکنگ اور موٹرسائیکل خریداری میں دھوکا دہی سے خبردار

ابوظہبی پولیس کا آن لائن بکنگ اور موٹرسائیکل خریداری میں دھوکا دہی سے خبردار

ابوظہبی ( مانیٹرنگ ڈیسک) ابوظہبی پولیس نے موسم سرما کے دوران موٹرسائیکلوں کی خرید و فروخت اور کرائے پر فراہمی، آرام گاہوں اور کیمپنگ مقامات کی بکنگ کے نام پر ہونے والی آن لائن دھوکا دہی سے شہریوں اور رہائشیوں کو خبردار کردیا ہے۔پولیس کے مطابق جعلساز سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور دیگر آن لائن ذرائع پر جعلی اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو اپنے جال میں پھنسا رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں بیرونی تفریحی سرگرمیوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دھوکا باز موٹرسائیکلوں، آرام گاہوں اور کیمپنگ مقامات کی بکنگ کے لیے پرکشش قیمتوں اور خصوصی رعایتوں کی پیشکش کرتے ہیں تاکہ لوگوں کو پیشگی ادائیگی پر آمادہ کیا جاسکے۔جعلساز بعض اوقات سرکاری بکنگ اور ادائیگی کی ویب سائٹس سے مشابہت رکھنے والے جعلی روابط بھی فراہم کرتے ہیں، جن کے ذریعے شہریوں سے رقم کے علاوہ ذاتی اور بینکنگ معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ بعض افراد سے بکنگ کی تصدیق یا خریداری مکمل کرنے کے نام پر پہلے رقم منتقل کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے، تاہم ادائیگی کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ پیشکش جعلی تھی۔ابوظہبی پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مشکوک روابط کھولنے سے گریز کریں، غیر مصدقہ کھاتوں میں رقم منتقل نہ کریں اور نامعلوم افراد کے ساتھ اپنی ذاتی یا بینکنگ معلومات شیئر نہ کریں۔ پولیس نے خصوصی طور پر خبردار کیا ہے کہ کسی بھی شخص کو یک وقتی پاس ورڈ یا تصدیقی کوڈ فراہم نہ کیا جائے۔پولیس کے مطابق آن لائن دھوکا دہی کی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع امان سروس کے ذریعے دی جاسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے شہری 8002626 پر رابطہ کرسکتے ہیں یا 2828 پر مختصر پیغام بھیج سکتے ہیں۔۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.