انڈونیشیا کی کینڈی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، ہلاکتیں 24 ہوگئیں

انڈونیشیا کی کینڈی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، ہلاکتیں 24 ہوگئیں

جکارتہ (مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیا کے صوبے بنتن میں کینڈی بنانے والی ایک صنعتی فیکٹری میں شدید آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہوگئی ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں اور لاپتہ افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔آگ نے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث متعدد کارکن عمارت کے اندر پھنس گئے اور امدادی ٹیموں کو انہیں نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تازہ اطلاعات کے مطابق فیکٹری سے اب تک 24 لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں، جبکہ امدادی اہلکار تباہ شدہ عمارت میں مزید افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ حادثے کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔آتشزدگی کے باعث فیکٹری کی تین منزلہ عمارت بری طرح متاثر ہوئی اور اس کے کئی حصوں کی چھتیں گر گئیں۔ عمارت کا غیر مستحکم ڈھانچہ، ملبہ اور مختلف مقامات پر موجود تپش امدادی کارروائیوں میں خطرات پیدا کر رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت فیکٹری میں تقریباً 300 ملازمین کام کر رہے تھے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ 29 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ شدید جھلسنے کے باعث جاں بحق افراد کی شناخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.