ترکیہ کا ’دہشت گردی سے پاک‘ منصوبہ خطے میں اتحاد کا ذریعہ بنے گا: نعمان قرتولموش
استنبول( تر کیہ خبر) ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر نعمان قرتولموش نے کہا ہے کہ ترکیہ کا ’’دہشت گردی سے پاک ترکیہ‘‘ منصوبہ ملک اور خطے میں زیادہ اتحاد کی راہ ہموار کرے گا اور بالآخر ایک مضبوط اور دہشت گردی سے پاک خطے کے قیام میں مدد دے گا۔استنبول میں باسفورس سفارت کاری فورم کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایک وسیع تر علاقائی عمل کا پہلا مرحلہ ہے۔نعمان قرتولموش کے مطابق ترکیہ اب 40 سال سے زائد عرصے پر محیط اس دور کو پیچھے چھوڑ رہا ہے، جس میں ہزاروں افراد جان سے گئے، بڑی تعداد میں لوگ مارے گئے اور کئی دیہات و شہر تباہ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ترک، کرد اور دیگر نسلی برادریاں متحد ہوکر اپنا سفر جاری رکھیں گی۔ تقسیم، علیحدگی اور محرومی کی زبان کے بجائے بھائی چارے اور اتحاد کی زبان اپنانا ہوگی۔ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ یہ سوچ ترکیہ کی سرحدوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ترکوں، کردوں، عربوں اور دیگر برادریوں کو بھی ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔