غزہ امن منصوبے سے اسرائیل کی انکار پر 8 ممالک کی مذمت
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ سمیت 8 ممالک نے غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے پر عمل درآمد کی راہ متعین کرنے والے روڈ میپ کو اسرائیل کی جانب سے مسترد کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ترکیہ، مصر، انڈونیشیا، اردن، پاکستان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں اسرائیل کی جانب سے روڈ میپ اور فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔وزرائے خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کا مؤقف ٹرمپ کے غزہ تنازع ختم کرنے کے جامع منصوبے کی براہ راست مخالفت ہے، جس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے ذریعے توثیق کی جاچکی ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے روڈ میپ مسترد کرنے سے منصوبے پر عمل درآمد متاثر اور منصفانہ و پائیدار امن کے لیے اجتماعی کوششیں شدید نقصان سے دوچار ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے انکار سے ظاہر ہوتا ہے کہ غزہ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں امن کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کی ذمہ داری اب اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔وزرائے خارجہ کے مطابق فلسطینی دھڑوں کی جانب سے قبول کیے گئے روڈ میپ کی تیاری میں مصر، قطر، ترکیہ اور امریکا سمیت دیگر ثالثوں نے وسیع سفارتی کوششیں کی ہیں۔