ترکیہ کا مقبوضہ مغربی کنارے کی اسرائیلی بستیوں پر پابندیوں کا خیرمقدم

ترکیہ کا مقبوضہ مغربی کنارے کی اسرائیلی بستیوں پر پابندیوں کا خیرمقدم

استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ نے برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی قیادت میں 12 ممالک کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے تجارتی اور کاروباری روابط ختم کرنے کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ترکیہ کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ، فرانس اور کینیڈا سمیت 12 ممالک کی جانب سے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے ساتھ تجارت اور کاروباری لین دین پر پابندی کا فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے دو ریاستی حل کو ناکام بنانے کی کوششیں روز بروز تیز ہو رہی ہیں، جبکہ غیر قانونی بستیوں کا قیام اب قبضے کی ایک منظم پالیسی کی شکل اختیار کر چکا ہے، جو فلسطینی ریاست کے وجود کے لیے خطرہ ہے۔ترکیہ نے کہا کہ اسرائیلی آبادکاروں کا تشدد نسلی صفایا کرنے کی سطح تک پہنچ چکا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی قبضے اور بستیوں کی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر اقدامات اسرائیل فلسطین تنازع کے پُرامن حل اور خطے میں منصفانہ و پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ترکیہ کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری کے ذمہ دار ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی اسی نوعیت کے اقدامات کریں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.