باکو کلائمیٹ ویک، علاقائی گرین انرجی تجارت پر اہم اجلاس

باکو کلائمیٹ ویک، علاقائی گرین انرجی تجارت پر اہم اجلاس

باکو( تر کیہ خبر) باکو کلائمیٹ ایکشن ویک 2026 کے دوران ’’علاقائی روابط کے لیے سرحد پار قابل تجدید توانائی سرٹیفکیٹس‘‘ کے عنوان سے پانچواں پینل اجلاس منعقد ہوا۔آذربائیجان کی وزارت توانائی کے شعبہ بین الاقوامی تعاون کے سربراہ اشرف شیخ علی یف کی زیر صدارت اجلاس میں پالیسی سازوں، عالمی اداروں، ترقیاتی مالیاتی اداروں اور توانائی مارکیٹ کے ماہرین نے شرکت کی۔اجلاس میں اس امر کا جائزہ لیا گیا کہ قابل تجدید توانائی سرٹیفکیٹس اور ماخذ کی ضمانتیں جنوبی قفقاز، بحیرہ اسود کے خطے اور وسطی ایشیا میں قابل تجدید بجلی کی قابل اعتماد، شفاف اور باہمی طور پر مربوط تجارت کو کس طرح ممکن بنا سکتی ہیں۔شرکا نے علاقائی سبز توانائی راہداریوں کے لیے سرٹیفکیشن اور توانائی کی نگرانی کے تقاضوں، یورپی یونین کے ماخذ کی ضمانتوں کے نظام اور علاقائی و رضاکارانہ قابل تجدید توانائی سرٹیفکیٹ مارکیٹوں کے درمیان مطابقت اور باہمی منظوری سمیت قومی و علاقائی سرٹیفکیٹ نظام کے قیام کے لیے ضروری انتظامی، قانونی اور ڈیجیٹل تقاضوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اجلاس سے آذربائیجان کے نائب وزیر توانائی اورخان زینالوف، آذربائیجان ایجنسی برائے قابل تجدید توانائی کی نائب سربراہ رانا ہمت اوا، عالمی بینک کی ماہر توانائی کلیئر ماریون نکولس، آسٹریلوی حکومت کے محکمہ موسمیاتی تبدیلی کے عہدیدار سیباسٹین سالٹر اور دیگر ماہرین نے خطاب کیا۔شرکا نے سرحد پار قابل تجدید بجلی کی تجارت میں اعتماد اور شفافیت بڑھانے، سرٹیفکیٹ نظاموں میں باہمی مطابقت پیدا کرنے، علاقائی گرین انرجی راہداریوں کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام تشکیل دینے اور قابل اعتماد قومی اداروں و مربوط رجسٹری نظام قائم کرنے پر زور دیا۔اجلاس میں قابل تجدید توانائی کی سرٹیفکیشن کے ذریعے سرمایہ کاری متحرک کرنے، مارکیٹ میں طلب پیدا کرنے اور سرحد پار تجارت کے لیے پالیسی و قانونی نظام میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.