اسرائیلی اشتعال انگیزی کی قیمت دنیا کو چکانا پڑ رہی ہے:اردوان
انقرہ( تر کیہ خبر) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے پیدا کیے گئے تنازع کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہے بلکہ پوری دنیا اس کی قیمت ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جاری جنگ کے اثرات ایرانی عوام، خلیجی ممالک اور عالمی برادری سب کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔ترک صدر کے مطابق اسرائیل کی جانب سے پھیلائی گئی غلط معلومات اور تخریبی اقدامات نے اسلام آباد معاہدے کو متاثر کیا، حالانکہ اس معاہدے کے نتیجے میں خطے میں ایک عرصے تک کشیدگی میں کمی آئی تھی۔اردوان نے خبردار کیا کہ اگر امن کی ہر کوشش کو خطرہ سمجھنے والی انتہا پسند سوچ میں تبدیلی نہ آئی تو خطے میں جاری بحران کا خاتمہ ممکن نہیں ہوگا۔انہوں نے پائیدار علاقائی امن کے لیے اشتعال اور انتہا پسندی کے بجائے مذاکرات، باہمی تعاون اور سفارتی کوششوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔