ترکیہ کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ نے یمنی حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے گئے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث ہیں۔ترکیہ کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثیوں کے حالیہ حملے شہریوں کے تحفظ کو نظر انداز کرتے ہیں اور علاقائی کشیدگی میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، جن کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔انقرہ نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ حملے یمن کے تنازع کے پائیدار سیاسی حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ترکیہ نے حوثیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی جارحانہ کارروائیاں فوری طور پر بند کریں۔