ترکیہ کی مکہ مکرمہ پر حوثی ڈرون حملے کی شدید مذمت
استنبول( تر کیہ خبر)ترکیہ نے سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے والے حوثی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ترکیہ کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے ڈرون حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ وزارت نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ ایسے حملے علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں، اس لیے انہیں فوری طور پر روکنے اور کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کرنے کی ضرورت ہے۔سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے مطابق سعودی فضائی دفاعی نظام نے بدھ کی صبح یمن کے حوثی گروہ کی جانب سے مکہ مکرمہ کے جنوب میں داغا گیا ڈرون مقدس شہر کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک کر تباہ کردیا۔یمن میں 2014 سے جاری تنازع کے دوران حوثیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرلیا تھا، جس کے بعد 2015 میں سعودی قیادت میں عرب اتحاد نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت میں مداخلت کی۔حوثی گروہ حالیہ عرصے میں یمنی حکومتی فورسز کے ساتھ دوبارہ لڑائی میں مصروف ہے اور سعودی عرب کے خلاف مختلف حملوں کے علاوہ بحیرہ احمر اور باب المندب کے راستوں سے متعلق بھی کارروائیاں کرچکا ہے۔