ترکیہ نے لبنان میں فلسطینی متاثرین کیلئے 2 ہزار ٹن آٹا پہنچا دیا
انقرہ( تر کیہ خبر)ترکیہ کی قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی ادارے نے لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں اور بے گھر خاندانوں کے لیے 2 ہزار ٹن آٹا فراہم کردیا۔آٹے کی حوالگی کے موقع پر بیروت کی بندرگاہ پر تقریب منعقد ہوئی، جس میں لبنان میں ترکیہ کے سفیر مراد لوتم، لبنانی اعلیٰ امدادی کونسل کے سربراہ بسام نابلسی اور فلسطینی پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے کے لبنان میں نمائندے ڈوروتھی کلاوس نے شرکت کی۔فراہم کیا گیا آٹا فلسطینی پناہ گزینوں اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ترکیہ کی جانب سے لبنان میں ضرورت مند افراد کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کی توقع ہے۔ترکیہ کے سفیر مراد لوتم نے کہا کہ لبنان میں متاثرہ اور ضرورت مند افراد کے لیے ترکیہ کی امدادی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ترکیہ کی وزارت صحت نے لبنان کو ادویات بھی فراہم کی ہیں، جبکہ اسرائیلی حملوں سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کی رہائش کی ضروریات پوری کرنے میں بھی معاونت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیموں کے علاوہ ترکیہ کی جانب سے خوراک، لباس اور دیگر ضروری امدادی سامان بھی لبنان بھیجا جاچکا ہے۔