ترکیہ، ایران کا دہشت گردی اور سرحدی سلامتی پر تعاون بڑھانے کا عزم
استنبول( تر کیہ خبر)ترکیہ کے وزیر داخلہ مصطفیٰ چفتچی نے انقرہ میں اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی، جس میں دہشت گردی، منظم جرائم، سرحدی سلامتی اور غیر قانونی نقل مکانی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترکیہ کی وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں دہشت گرد تنظیم پی کے کے اور کے سی کے کے مختلف ناموں اور علاقوں میں سرگرم ذیلی گروہوں کے خاتمے پر بھی غور کیا گیا۔ یہ پیش رفت ’’دہشت گردی سے پاک ترکیہ‘‘ کے عمل کے تحت تنظیم کی تحلیل اور اسلحہ چھوڑنے کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں زیر بحث آئی۔دونوں وزرا نے پی جے اے کے سے وابستہ سکیورٹی خطرات، نئی طرز کے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی اور دونوں ممالک کے درمیان سلامتی کے شعبے میں تعاون پر بھی گفتگو کی۔مصطفیٰ چفتچی نے دہشت گردی اور سرحد پار جرائم کے سدباب کے لیے ترکیہ اور ایران کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون کو اہم قرار دیا۔