ترک ریاستوں کے انٹیلی جنس سربراہان کا علاقائی سلامتی پر اجلاس

ترک ریاستوں کے انٹیلی جنس سربراہان کا علاقائی سلامتی پر اجلاس

انقرہ( تر کیہ خبر)قازقستان کے شہر بورابائی میں ترک ریاستوں کی انٹیلی جنس سروسز کی کانفرنس کا 28واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں رکن ممالک کے اعلیٰ سکیورٹی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم، قازقستان کی قومی سلامتی کمیٹی، آذربائیجان کی ریاستی سلامتی سروس اور بیرونی انٹیلی جنس سروس، کرغزستان کی قومی سلامتی کمیٹی اور ازبکستان کی ریاستی سلامتی سروس کے سربراہان شریک ہوئے۔تاجکستان، ترکمانستان اور ہنگری کے متعلقہ سکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے بھی خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔شرکا نے عالمی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے علاقائی اور سرحدی سلامتی، دہشت گردی کے انسداد اور خطے کے استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے اختتام پر علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے اور استحکام یقینی بنانے کے لیے اقدامات سے متعلق حتمی اعلامیے پر دستخط کیے گئے۔ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کے سربراہ ابراہیم قالن نے خطاب میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کارروائی کی ضرورت پر زور دیا اور ترک دنیا کی تزویراتی سلامتی سے متعلق مؤقف پیش کیا۔انہوں نے سائبر خطرات اور مصنوعی ذہانت سے وابستہ نئے چیلنجز سمیت مختلف خطرات سے نمٹنے کے لیے کئی شعبوں پر مشتمل جامع سلامتی نظام تشکیل دینے کی اہمیت اجاگر کی۔ابراہیم قالن نے دفاعی صنعت میں ٹیکنالوجی پر مبنی تعاون بڑھانے اور اہم تجارتی و مواصلاتی راستوں کی سلامتی یقینی بنانے پر بھی زور دیا، جن میں درمیانی راہداری اور زنگیزور راہداری شامل ہیں۔ زنگیزور راہداری آذربائیجان کو اس کے علیحدہ خطے نخجوان سے ملانے کے لیے زیرِ غور اہم راستہ ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.