یوکرین کے ساحل پر ترک بحری جہاز پر ڈرون حملہ، کپتان لاپتہ
باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے مطابق یوکرین کے ساحل اوڈیسا کے قریب ترک کمپنی کے زیرِ ملکیت ایک مال بردار بحری جہاز کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق یہ واقعہ 14 جولائی کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً سہ پہر 3 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا، جب شہری بحری جہاز "اٹلس بے" پر حملہ کیا گیا۔بیان کے مطابق جہاز کے عملے کے 11 ارکان آذربائیجان کے شہری ہیں۔ کپتان کے علاوہ تمام عملے کو بحفاظت اوڈیسا کے ساحل پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جسمانی حالت اطمینان بخش بتائی جا رہی ہے۔آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے مطابق جہاز کے کپتان، جو آذربائیجان کے شہری ہیں، کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں اور سرچ آپریشن جاری ہیں۔یوکرین میں آذربائیجان کا سفارت خانہ مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے اور عملے کو فوری قونصلر معاونت فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔