ترک پروفیسرز کا آذربائیجان کے ادارۂ شرق شناسی کا دورہ
باکو( ترکیہ خبر) ترکیہ کی استنبول یونیورسٹی کے ممتاز پروفیسرز عثمان فکری سرت قایا اور عائشہ گل سرت قایا نے آذربائیجان کی قومی اکیڈمیٔ علوم کے اکیڈمیشن ضیا بونیادوف انسٹی ٹیوٹ آف اورینٹل اسٹڈیز کا دورہ کیا۔ادارے کی ڈائریکٹر اکیڈمیشن گوہر بخش علیئیوا سے ملاقات کے دوران پروفیسر عثمان فکری سرت قایا نے باکو کے اپنے سابقہ دوروں اور آذربائیجانی محققین کے ساتھ علمی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان نے ہمیشہ ان کے دل میں ایک خاص مقام رکھا ہے۔اس موقع پر گوہر بخش علیئیوا نے ادارۂ شرق شناسی میں ترکیات کے شعبے میں جاری تحقیقی سرگرمیوں، علمی منصوبوں اور شائع ہونے والی کتب کے بارے میں مہمانوں کو آگاہ کیا۔بعد ازاں ترک ماہرین نے ادارے کے محققین اور علمی عملے سے ملاقات کی۔ پروفیسر عثمان فکری سرت قایا نے 38 برس قبل باکو کے اپنے پہلے دورے اور بعد کے علمی روابط کا تذکرہ کیا۔انہوں نے اپنی تصنیفات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ترک زبان میں شائع ہونے والی کتابوں کے علاوہ ان کی دو کتابیں جرمن زبان میں بھی شائع ہو چکی ہیں، جبکہ ان کے منتخب علمی مضامین پر مشتمل مجموعے جلد ہی انگریزی اور فرانسیسی زبانوں میں بھی شائع کیے جائیں گے۔