ترک بیلے رقاصہ نیلائے طاہر اوغلو کو ماسکو بیلے مقابلے میں خصوصی اعزاز مل گیا
انقرہ( کلچر ڈیسک) ترکیہ کے سرکاری اوپیرا اور بیلے ادارے کی فنکارہ نیلائے طاہر اوغلو نے دنیا کے معتبر ترین بیلے مقابلوں میں شمار ہونے والے 15ویں بین الاقوامی ماسکو بیلے مقابلے کے فائنل میں خصوصی ڈپلومہ کا اعزاز حاصل کر لیا۔یہ مقابلہ 25 جون سے 5 جولائی تک ماسکو کے تاریخی بولشوئی تھیٹر میں منعقد ہوا، جس میں 35 ممالک کے 362 رقاصوں نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔نیلائے طاہر اوغلو کو بین الاقوامی سطح پر اپنی سابقہ نمایاں کامیابیوں کی بنیاد پر ابتدائی انتخابی مرحلے سے استثنا دیتے ہوئے براہِ راست مقابلے میں شرکت کا موقع دیا گیا۔انہوں نے ترکیہ کی نمائندگی سینئر گرلز سولو کیٹیگری میں کی اور تین مرحلوں پر مشتمل سخت مقابلے کے بعد فائنل تک رسائی حاصل کی، جہاں صرف 18 رقاص جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔نیلائے طاہر اوغلو کی اس کامیابی کو ترکیہ کے لیے بین الاقوامی بیلے مقابلوں میں ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔