ٹرمپ نے جے ڈی وینس کو ایران مذاکرات سے ہٹا کر داخلی امور سونپ دیے

ٹرمپ نے جے ڈی وینس کو ایران مذاکرات سے ہٹا کر داخلی امور سونپ دیے

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو بظاہر خارجہ پالیسی اور ایران کے ساتھ مذاکراتی کوششوں سے الگ کرتے ہوئے امریکا کے اندرونی معاملات پر پوری توجہ دینے کی ہدایت کردی ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کے بجائے ڈیموکریٹس کے زیر انتظام امریکی شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم اور بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں پر توجہ مرکوز کریں۔ٹرمپ کا یہ بیان امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ جے ڈی وینس ایک اعلیٰ ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ براہ راست امن مذاکرات کے امکان پر غور کررہے ہیں۔اس سے ایک ہفتہ قبل نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے بھی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن جماعت کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو قرار دیا تھا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ کے تازہ بیان سے ایران کے معاملے پر ان کے مؤقف میں نمایاں تبدیلی ظاہر ہوتی ہے، کیونکہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران وہ اشارہ دے رہے تھے کہ امریکی انتخابات کے بعد ایران معاہدے کے لیے زیادہ آمادگی دکھا سکتا ہے۔امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی سمجھوتے کی ضرورت نہیں، اب وہ وقت گزر چکا ہے۔ ان کے بقول امریکا کے پاس ایران کے اربوں ڈالر کے وسائل اور آبنائے ہرمز بھی موجود ہے۔ٹرمپ نے مزید بتایا کہ انہوں نے جے ڈی وینس کو ایران کے بجائے ایک داخلی معاملے کی ذمہ داری سنبھالنے کا کہا ہے، جس کے تحت انہیں ملک بھر میں ڈیموکریٹس کے زیر انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور دھوکا دہی کے خلاف مہم کی قیادت کرنا ہوگی۔صدر ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ بڑے پیمانے پر ہونے والی مجرمانہ سرگرمیوں کا خاتمہ کرکے امریکی بجٹ کو تیزی سے متوازن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ڈیموکریٹ قیادت پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔واضح رہے کہ جے ڈی وینس کو 2028 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن جماعت کی نامزدگی کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کو ڈیموکریٹس کے ہاتھوں شکست کے بعد وہ خود کو ایران جنگ سے الگ کرچکے تھے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.