موسمیاتی تبدیلی سے ترکیہ کے آبی وسائل میں 25 فیصد کمی کا خدشہ

موسمیاتی تبدیلی سے ترکیہ کے آبی وسائل میں 25 فیصد کمی کا خدشہ

انطالیہ (ترکیہ خبر) ترکیہ کے وزیر زراعت و جنگلات ابراہیم یوماکلی نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث رواں صدی کے اختتام تک ملک کے دستیاب آبی ذخائر میں تقریباً ایک چوتھائی کمی واقع ہوسکتی ہے، جس کے پیش نظر ماحولیاتی تبدیلیوں سے مطابقت اور پانی کے بہتر انتظام کے لیے سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے۔ترکیہ کے جنوبی صوبے انطالیہ میں اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم یوماکلی نے کہا کہ درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور پانی کے زیادہ بخارات بن کر اڑنے سے ملک کے آبی وسائل، زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی حکمت عملی واضح ہے، بحران پیدا ہونے کے بعد ردعمل دینے کے بجائے خطرات کا پہلے سے اندازہ لگا کر ان سے نمٹنے کے اقدامات کرنا ہوں گے۔ترک وزیر زراعت و جنگلات نے یہ خیالات اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیش کیے۔ اجلاس میں گلیشیئرز کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور پائیدار مالی وسائل کی فراہمی جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔اس اجلاس کا اہتمام تاجکستان، کرغزستان، نیپال، پاکستان اور بھوٹان نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.