موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کیلئے عالمی سرمایہ کاری پروگرام کا آغاز
انطالیہ (ترکیہ خبر) عالمی موسمیاتی سرمایہ کاری فنڈز نے موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے منصوبوں کی مالی معاونت کے لیے اپنے نئے پروگرام ’’آرائز‘‘ کے تحت ابتدائی 5 ممالک اور ایک علاقائی منصوبے کا انتخاب کرلیا ہے۔اس فیصلے کا اعلان ترکیہ کے جنوبی شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کے موقع پر منعقدہ تقریب میں کیا گیا۔ کانفرنس کے خصوصی حصے میں ہونے والی اس نشست کے دوران موسمیاتی خطرات سے تحفظ، ماحولیاتی موافقت کے منصوبوں کی مالی معاونت اور سرکاری و نجی سرمایہ کاری متحرک کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے موسمیاتی سرمایہ کاری فنڈز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر تاریے گبادے گیسن نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں دنیا بھر میں انسانی زندگی، روزگار اور معاشی مستقبل کو تیزی سے متاثر کررہی ہیں، جس کے باعث ان تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے مجموعی مالی وسائل کا 40 فیصد حصہ نجی شعبے کے لیے مختص کیا جائے گا، جبکہ منصوبوں پر 6 کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں کے اشتراک سے عمل درآمد ہوگا۔پروگرام میں مختلف ممالک کی غیر معمولی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے 70 ممالک نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ ان کے مطابق صرف ابتدائی 25 بہترین درخواستوں میں شامل منصوبوں کی مجموعی مالیت 700 ملین ڈالر ہے، جن میں فوری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔