ترکیہ میں فوجی ہیلی کاپٹر تباہ، حادثے میں 4 اہلکار جاں بحق
استنبول (تر کیہ خبر) ترکیہ کے جنوبی علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں اس میں سوار 4 فوجی اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔ترک وزارت دفاع کے مطابق ایس 70 ہیلی کاپٹر صوبائی دارالحکومت ملاتیا کے قریب واقع علاقے سمان کوئے میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر حادثے کا شکار ہوا۔ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ملبے میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے قریبی مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، تاہم زمین پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور طبی امداد فراہم کرنے والی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کردی گئیں۔ترکیہ کی وزارت دفاع نے حادثے میں جان سے ہاتھ دھونے والے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔