آذربائیجان اور برطانیہ کا دوطرفہ تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کا عزم
باکو( تر کیہ خبر)آذربائیجان اور برطانیہ (برطانیہ عظمیٰ اور شمالی آئرلینڈ) نے اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی روابط کو تزویراتی شراکت داری کی سطح تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔دونوں ممالک نے 23 فروری 1994ء کو طے پانے والے دوستی اور تعاون کے مشترکہ اعلامیے اور 21 جولائی 1998ء کے دوستانہ تعلقات اور شراکت داری سے متعلق مشترکہ اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی، گہرائی اور وسعت کو تسلیم کیا۔مشترکہ مؤقف کے مطابق دونوں ملک باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور عملی تعاون کی بنیاد پر اپنے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔فریقین نے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں و ضوابط سے اپنی وابستگی کا بھی اعادہ کیا۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرحدوں کے احترام، خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔