آذربائیجان کی یورپ کو گیس برآمدات 13 ارب مکعب میٹر تک پہنچ گئیں
ڈبلن (ترکیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے 12 نومبر کو ڈبلن میں یورپی سیاسی برادری کے 9ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر منعقدہ گول میز کانفرنس میں شرکت کی، جس کا موضوع ’’مسابقتی یورپ کی تشکیل، جدت، رابطوں اور سستی توانائی کا فروغ‘‘ تھا۔آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر الہام علییف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں متبادل توانائی کی اہمیت اور کردار میں مزید اضافہ ہوگا۔یورپ کی توانائی ضروریات اور تحفظ کو یقینی بنانے میں آذربائیجان کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے 2022ء میں آذربائیجان اور یورپی یونین کے درمیان توانائی کے شعبے میں تزویراتی شراکت داری سے متعلق طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا حوالہ دیا۔صدر الہام علییف نے بتایا کہ اس معاہدے کے بعد سے یورپی یونین کو آذربائیجان کی قدرتی گیس کی فراہمی 8 ارب مکعب میٹر سے بڑھ کر 13 ارب مکعب میٹر سالانہ تک پہنچ چکی ہے۔ ان کے مطابق یہ مقدار ملک کی مجموعی برآمدات کا تقریباً نصف حصہ بنتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آذربائیجان یورپ کو گیس کی فراہمی میں مزید اضافے کا منصوبہ رکھتا ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے نئے گیس ذخائر بھی دریافت کیے گئے ہیں۔