فضائی آلودگی سے پاک شہر صحت مند معاشروں کی بنیاد ہیں، لیلیٰ علیئیوا
انطالیہ (ترکیہ خبر) آذربائیجان کی عوامی تنظیم آئیڈیا اور اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام کے اشتراک سے عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کے موقع پر ’’صاف ہوا، صحت مند شہر: شہری منصوبہ بندی سے ماحولیاتی اقدامات تک‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تقریب کے آغاز میں شرکا کو آئیڈیا تنظیم کی تیار کردہ ایک مختصر دستاویزی فلم دکھائی گئی، جس میں شہری علاقوں میں صاف ہوا کی اہمیت اور ضرورت کو اجاگر کیا گیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حیدر علیئیف فاؤنڈیشن کی نائب صدر اور آئیڈیا تنظیم کی بانی و سربراہ لیلیٰ علیئیوا نے فضائی آلودگی کے انسانی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے صحت مند اور پائیدار شہروں کی تشکیل کے لیے ماحولیاتی عوامل کو شہری منصوبہ بندی میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔لیلیٰ علیئیوا نے آذربائیجان میں پائیدار شہری ترقی کے حوالے سے اختیار کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرسبز علاقوں کو وسعت دینے اور ماحول دوست ذرائع نقل و حمل کو فروغ دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے آئیڈیا تنظیم کے ’’ہمارا صحن‘‘ منصوبے، شجرکاری مہمات اور شہری ماحول کو سرسبز بنانے کے لیے شروع کی گئی دیگر سرگرمیوں کی اہمیت بھی بیان کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات صاف ستھرے، صحت مند اور ماحول دوست شہری معاشروں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔