امریکا نے دنیا میں 8 جنگیں روکی، ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو ناکام بنایا:ٹرمپ

1 ماہ قبل
امریکا نے دنیا میں 8 جنگیں روکی، ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو ناکام بنایا:ٹرمپ

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک)واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے صدارتی دور کے پہلے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں ملکی کامیابیوں اور خارجہ پالیسی پر تفصیل سے بات کی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی ٹیرف پالیسی نے پاک بھارت نیوکلیئر جنگ سمیت کئی ممکنہ جنگوں کو روکا اور مختلف ممالک اب بھی امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ بائیڈن دور میں مہنگائی بدترین سطح پر تھی، تاہم ان کی حکومت کے اقدامات کے بعد اب مہنگائی 1.7 فیصد تک کم ہو گئی ہے اور امریکی معیشت مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے امریکی سٹاک مارکیٹ کی ریکارڈ کارکردگی، تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے اور توانائی کی سست قیمتوں پر بھی زور دیا۔خطاب میں صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی تصادم کے قریب پہنچ چکے تھے، اور ان کی پالیسی نے ساڑھے 3 کروڑ افراد کی جانیں بچائیں۔ سرحدی تحفظ، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، قانونی امیگریشن کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ بھی ان کے خطاب کا حصہ رہا۔ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کو مایوس کن قرار دیا جس میں عالمی ٹیرف کے نفاذ پر صدارتی اختیارات کے استعمال کو چیلنج کیا گیا تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تجارتی قانون کی دفعہ 122 کے تحت 15 فیصد نئے عالمی ٹیرف نافذ کیے جائیں گے۔بین الاقوامی امور میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے دنیا میں 8 جنگیں روکی، ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو ناکام بنایا اور ترجیح ہے کہ ایران کا مسئلہ سفارتکاری سے حل ہو۔خطاب کے دوران ایوان نمائندگان میں کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی جب ڈیموکریٹ رکن کانگریس ال گرین کو صدر کے خلاف احتجاج کرنے پر ایوان سے نکال دیا گیا۔ اس دوران ری پبلکن رہنما اسٹیو اسکالیس اور سکیورٹی اہلکاروں نے صورتحال کو قابو میں کیا۔صدر ٹرمپ نے خطاب کے اختتام پر فوج، پولیس اور امریکی شہریوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ امریکا اب پہلے سے زیادہ مضبوط، کامیاب اور محفوظ ملک بن چکا ہے، جسے تاریخ سنہری دور کے طور پر یاد رکھے گی۔