ننگرہار ( مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے صوبے ننگرہار میں طالبان نے غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف آپریشن کے دوران موسیقی کے آلات ضبط کر کے انہیں جلادیا۔ ننگرہار کے گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی وزارت کے اہلکاروں نے کی۔بیان کے مطابق جلال آباد میں 86 موسیقی کے آلات ضبط کیے گئے اور ایک مشترکہ کمیٹی کی موجودگی میں انہیں جلا دیا گیا۔ طالبان حکام کا کہنا ہے کہ موسیقی اور متعلقہ سرگرمیاں نوجوانوں اور معاشرے کو گمراہ کر سکتی ہیں، اس لیے یہ اقدامات ضروری ہیں۔اسی دوران شمال مشرقی صوبے تخار میں بھی طالبان نے ایک نجی تقریب میں موسیقی بجانے کے الزام میں کم از کم 25 افراد کو حراست میں لیا۔ طالبان کے مطابق یہ گرفتاریاں مذہبی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر کی گئی ہیں۔یاد رہے کہ اگست 2021 میں اقتدار میں واپسی کے بعد سے طالبان نے افغانستان میں موسیقی پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جس کے باعث ریڈیو، ٹیلی ویژن، سماجی تقریبات، شادیوں اور تعلیمی اداروں میں موسیقی پر مکمل پابندی ہے۔ متعدد گلوکار، موسیقار اور آلات موسیقی بجانے والے ملک چھوڑ کر بیرونِ ملک منتقل ہو چکے ہیں۔
ننگرہار میں طالبان نے موسیقی کے آلات ضبط کر کے جلا دیے
3 ماہ قبل