قندھار میں طالبان حکومت کی ریڈیو اسٹیشنوں پر کرکٹ نشریات روکنے کی پابندی
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے صوبے قندھار میں طالبان حکومت نے ریڈیو اسٹیشنوں کو کرکٹ سے متعلق ہر قسم کا مواد نشر کرنے سے روک دیا ہے۔افغانستان کے 2 ریڈیو اسٹیشنوں کے عہدیداروں اور صوبائی ذرائع نے اس پابندی کی تصدیق کردی ہے۔قندھار طالبان سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا آبائی شہر ہے۔ طالبان حکومت ماضی میں کرکٹ کی سرپرستی کرتی رہی ہے اور اقتدار میں واپسی کی سالگرہ کے موقع پر کرکٹ مقابلوں کا انعقاد بھی کروا چکی ہے۔قندھار کے محکمہ اطلاعات و ثقافت نے ریڈیو اسٹیشنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرکٹ سے متعلق کوئی بھی مواد نشر نہ کریں۔ پابندی کا دائرہ صرف میچوں کی براہ راست روداد تک محدود نہیں بلکہ کرکٹ کی خبروں اور مقابلوں میں کامیابی سے متعلق رپورٹوں پر بھی عائد کیا گیا ہے۔ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن کے سربراہ کے مطابق محکمہ اطلاعات و ثقافت نے انہیں فون کرکے کرکٹ کی نشریاتی کوریج بند کرنے کی ہدایت دی۔حکام کی جانب سے اس پابندی کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب افغانستان کی قومی مردوں کی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے، جبکہ افغان کرکٹ اے ٹیم بھی حال ہی میں یوتھ ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قطر روانہ ہوئی ہے۔واضح رہے کہ طالبان حکومت افغانستان میں ایم ایم اے سمیت بعض مارشل آرٹس اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کرچکی ہے، تاہم لڑکوں کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت حاصل ہے۔ دوسری جانب خواتین اور لڑکیوں کے کھیلوں میں حصہ لینے اور کھیلوں کے مراکز جانے پر پابندی برقرار ہے۔