غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی شدید مذمت
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ، مصر، انڈونیشیا، اردن، پاکستان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی سے متعلق اسرائیلی وزرا کے حالیہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے جبری طور پر بے دخل کرنے کے منصوبوں اور طریقہ کار کی تجاویز کو مسترد کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے زبردستی بے دخل کرنے سے متعلق بیانات اور تجاویز بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔وزرائے خارجہ نے کہا کہ اشتعال انگیز بیانات اور تجاویز بین الاقوامی انسانی قانون سمیت بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور فلسطینی عوام کے جائز اور ناقابلِ تنسیخ حقوق کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔مشترکہ بیان میں وزرائے خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقے کے اندر یا باہر فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش یا منصوبے کو، کسی بھی جواز کے تحت، واضح طور پر مسترد کرنے اور اس کی مذمت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔