جرمنی، اے ایف ڈی نے ریاستی انتخابات میں ریکارڈ کامیابی حاصل کرلی
انقرہ( تر کیہ خبر) جرمنی کی دائیں بازو کی جماعت آلٹرنیٹو فار جرمنی (اے ایف ڈی) نے ریاست سیکسنی انہالٹ کے انتخابات میں 43.8 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی، تاہم اسے تنہا حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں ہوسکی۔ابتدائی سرکاری نتائج کے مطابق چانسلر فریڈرک مرز کی قدامت پسند جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) صرف 17.2 فیصد ووٹ حاصل کرسکی، جو ریاستی انتخابات میں اس کی تاریخی طور پر کم ترین کارکردگی ہے۔ریاستی انتخابی حکام کے مطابق تمام ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے۔ اے ایف ڈی نے 2021ء کے انتخابات میں حاصل کردہ 20.8 فیصد ووٹوں کے مقابلے میں اپنی حمایت دگنی سے بھی زیادہ کرلی اور جرمنی کی کسی بھی ریاست کے انتخاب میں اپنی اب تک کی سب سے بہتر کارکردگی دکھائی۔اے ایف ڈی نے میگڈے برگ کی ریاستی پارلیمنٹ کی 83 نشستوں میں سے 39 نشستیں حاصل کیں، اسے واضح اکثریت کے لیے درکار 42 نشستوں سے مزید 3 نشستیں درکار ہیں۔دیگر تمام بڑی سیاسی جماعتیں اے ایف ڈی کے ساتھ اتحاد سے انکار کرچکی ہیں، جس کے باعث ریاست میں سیاسی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور حکومت سازی کے لیے طویل مذاکرات کا امکان ہے۔