شوشا گلوبل میڈیا فورم عالمی میڈیا کے مستقبل پر مکالمے کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے، حکمت حاجیئیف
شوشا( ترکیہ خبر) آذربائیجان کے صدر کے معاون اور صدارتی انتظامیہ کے شعبۂ خارجہ امور کے سربراہ حکمت حاجیئیف نے کہا ہے کہ عالمی میڈیا کے مستقبل پر گفتگو کے لیے شوشا گلوبل میڈیا فورم سے بہتر مقام تلاش کرنا مشکل ہے۔چوتھے شوشا گلوبل میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوشا صرف ایک شہر نہیں بلکہ ایک علامت ہے، جو صدیوں سے ادب، موسیقی، صحافت اور فکری مباحث کا مرکز رہا ہے، اور آج ایک بار پھر عالمی مکالمے، نئے خیالات اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کا اہم مرکز بن رہا ہے۔’’امن کے فروغ میں میڈیا کا کردار: سچائی کی بحالی اور اعتماد کی تعمیرِ نو‘‘ کے عنوان سے منعقدہ فورم سے خطاب میں حکمت حاجیئیف نے کہا کہ یہ فورم محض ایک کانفرنس نہیں بلکہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں صحافی، پالیسی ساز، ماہرینِ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے رہنما میڈیا کی بنیادی اقدار، خصوصاً سچائی اور حقائق کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معلومات اور گمراہ کن اطلاعات انتہائی تیزی سے پھیلتی ہیں، جبکہ عوامی اعتماد کی بحالی نسبتاً سست عمل ہے، اسی لیے درست معلومات کی فراہمی پہلے سے زیادہ اہم ہو چکی ہے۔حکمت حاجیئیف نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) صحافت کے شعبے کو تیزی سے تبدیل کر رہی ہے، جس کے باعث میڈیا اداروں کو نئے مواقع کے ساتھ ساتھ نئے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔