شہباز شریف جنرل اسمبلی خطاب میں کشمیر، فلسطین اجاگر کریں گے: عاصم افتخار

شہباز شریف جنرل اسمبلی خطاب میں کشمیر، فلسطین اجاگر کریں گے: عاصم افتخار

 اسلام آباد( تر کیہ خبر) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو نمایاں کریں گے۔نیویارک میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ وزیراعظم 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں کثیرالجہتی تعاون، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی صورتحال سمیت اہم معاملات پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنے دورے میں مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ ایپل کے ایگزیکٹو چیئرمین ٹم کک سے ملاقات کا انتظام کرنے کی بھی کوشش جاری ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کی تقریر میں پائیدار ترقی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، اسلاموفوبیا، عالمی معاشی مسائل، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور عالمی جنوب کو درپیش چیلنجز بھی شامل ہوں گے۔ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت جاری رکھنے کا بھی اعادہ کرے گا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی نیویارک پہنچ چکے ہیں اور مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ و حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ وہ جنرل اسمبلی کے موقع پر کشمیر اور فلسطین سے متعلق اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی اور متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جبکہ کشمیر کے معاملے پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا مطالبہ بھی مسلسل کرتا رہا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.