محسن نقوی کی پی ٹی آئی کو اسلام آباد مارچ سے باز رہنے کی تنبیہ
لاہور( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی تیاری کر رہی ہے، تاہم اب بھی وقت ہے کہ وہ ایسا راستہ اختیار نہ کرے جہاں سے واپسی ممکن نہ رہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کی کوشش کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا اور اس مرتبہ ملک کو کئی روز تک بند رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت کی اکثریت طویل مارچ کے حق میں نہیں، اس لیے پارٹی کو تصادم سے گریز کرنا چاہیے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ احتجاج یا مارچ کی صورت میں اس بار مستقل حکمت عملی اختیار کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ اپنے کارکنوں اور قیادت کو نقصان سے بچائے۔انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف دھرنے کے لیے اسلام آباد آتی ہے تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو خود واضح نہیں کہ اس کا اصل مطالبہ کیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ اگر مطالبہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق ہے تو ان کا طبی معائنہ گزشتہ رات بھی کیا گیا، جبکہ علاج کے حوالے سے قانون کے مطابق تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے ہنگو کے شہداء کے جنازوں میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور وزرا کی عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن جنازے میں شرکت نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی عالمی منڈی سے منسلک ہے۔ ان کے مطابق عوام نئے صوبوں کے قیام کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں اور اللہ نے چاہا تو نئے صوبے قائم کیے جائیں گے۔