شہباز شریف کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کھلی پیش کش

3 ماہ قبل
شہباز شریف کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کھلی پیش کش

اسلام آباد( ترک خبر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سنجیدگی سے مذاکرات کے لیے تیار ہے تو حکومت بھی ڈائیلاگ کے لیے مکمل آمادہ ہے، تاہم غیر قانونی مطالبات یا بلیک میلنگ کے ساتھ کوئی بات چیت ممکن نہیں۔کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ قومی اسمبلی میں متعدد بار یہ بات کہی جا چکی ہے کہ جائز اور آئینی نکات پر مذاکرات آگے بڑھائے جا سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے اراکین کو اسمبلی میں بھی ڈائیلاگ کی دعوت دی جا چکی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے آج پی آئی اے کی نجکاری کے عمل پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام اور کابینہ ارکان نے اس کے لیے بھرپور محنت کی۔شہباز شریف نے بتایا کہ سربمہر لفافوں میں بولیاں موصول ہوئیں اور بولی کا عمل براہِ راست دکھایا جا رہا ہے۔ کامیاب بولی سے معاملات بہتر ہوں گے، جبکہ نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ نے اس میں بہترین کاوشیں انجام دیں۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹرانزکشن ہونے جارہی ہے، اور سارے مراحل کا دوبارہ کابینہ کے سامنے آنا ضروری ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل کو کنگ عبدالعزیز ایوارڈ ملنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے پوری قوم کی عزت میں اضافہ ہوا۔شہباز شریف نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔