خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں، 74 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی ( تر کیہ خبر) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 74 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقوں میر علی اور اورکزئی میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیے گئے، جن میں میر علی کے مقام پر 35 جبکہ اورکزئی میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔ترجمان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور بارودی آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کی تلاش اور صفائی کا عمل جاری ہے۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزم استحکام پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں بھی سکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں جاری ہیں، جہاں مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں ان کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جبکہ وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد مراکز تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و بارودی مواد برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار ملک دشمن عناصر کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے شب و روز سرگرم ہیں۔ قومی لائحہ عمل کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد بھرپور طاقت سے جاری رہے گی۔